وہ شہزادی جس کی شادی پر6 اورموت پر10لاکھ افراد آئے
لیڈی ڈیانا صرف برطانیہ کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی شہزادی تھیں، دنیا نے 31 اگست کو اپنی شہزادی کی بیسویں برسی منائی۔
لیڈی ڈیانا یکم جولائی 1960 کو ’نیلی آنکھوں‘ اور ’سنرے بالوں‘ کے ساتھ اس دنیا میں آئیں، اور آہستہ آہستہ لوگوں کے دلوں میں اتر گئیں۔
ڈیانا کے ساتھ لفظ ’لیڈی‘ کا اضافہ ان کے دادا نے کیا تھا، جو 1975 میں چل بسے تھے۔
ان کی آفیشل ویب سائٹ کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ زندگی کی محض 36 بہاریں دیکھنے والی اس خوبصورت شہزادی کا پیدائشی نام ڈیانا اسپینسر تھا، ان کے والد جوہن ایڈورڈ اسپینسر اور والدہ لیڈی فرانسس اسپینسر تھیں، جس وجہ سے ان پر بھی اسپینسر نام پڑا۔
ان کے والدین میں 1969 میں طلاق ہونے کے بعد وہ دونوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ وقت گزارتی رہیں، جب کہ ساتھ ہی ساتھ وہ اپنی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیتی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈی ڈیانا کی انتہائی ذاتی ویڈیوز نشر نہ کرنے کا مطالبہ
شروعاتی تعلیم انگلینڈ میں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1978 میں سوئٹزرلینڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف ایلپن سے بھی تعلیم حاصل کی، مگر سوئٹزرلینڈ جانے سے ایک سال قبل 1977 میں ہی اپنی چھوٹی بہن کی پارٹی میں پہلی بار ان کی ملاقات برطانوی شہزادہ ’ چارلس ‘ سے ہوئی، جو رفتہ رفتہ گہری دوستی سے محبت میں تبدیل ہوگئی۔