ایل جی کا سب سے 'بہترین' اسمارٹ فون وی 30
ایل جی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون وی 30 متعارف کرادیا ہے جسے کمپنی کی تاریخ کا سب سے بہترین فون قرار دیا گیا ہے۔
برلن میں سالانہ آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر ایل جی کا یہ نیا فون پیش کیا گیا جس کا مقصد ایپل اور سام سنگ کے فلیگ شپ فونز کو سخت ٹکر دینا ہے۔
ایل جی کے مطابق یہ فون صارفین کو اعلیٰ ترین معیاری تجربہ فراہم کرے گا جو کہ گلیکسی نوٹ ایٹ سے کم نہیں ہوگا۔
ایل جی کے مطابق وی 30 فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نیا معیار قائم کرے گا۔
اس فون میں 6 انچ کی اسکرین دی گئی ہے جو کہ پلاسٹک او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہے جس کا ریزولوشن 2880x1440 ہے جبکہ اسکرین ریشو 18:9 ہے۔
مزید پڑھیں : ایل جی جی سکس پہلے سے بالکل مختلف فون
کمپنی کے مطابق ڈسپلے ایچ ڈی آر مواد کو سپورٹ کرے گا جبکہ اس میں آل ویز آن موڈ بھی موجود ہے۔
جہاں تک پراسیسر کی بات ہے تو اس میں بھی گلیکسی نوٹ ایٹ کی طرح اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر موجود ہے جبکہ فور جی بی ریم کے ساتھ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگا، جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 2 ٹی بی تک اضافہ ممکن ہے۔
فون میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ مکمل طور پر سیل ہے جبکہ تیز چارجنگ سپورٹ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی اور وائرلیس چارجنگ کے فیچرز دیئے گئے ہیں۔