پاکستان

پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت، 4 اہلکار گرفتار

اے ٹی ایس اہلکاروں نےاسلام آباد میں گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، واقعے کی ایف آئی آردرج

اسلام آباد کے علاقے راول ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص کے جان بحق اور دوسرے کے زخمی ہونے کے واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرکے 4 سیکیورٹی اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ مقتول عنایت شاہ اور اعجاز شاہ مارگلہ ٹاون میں قائم گھر آہے تھے انسداد دہشت گردی اسکوارڈ کے اہلکاروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے عنایت شاہ موقع پر جان بحق جبکہ اعجاز شاہ زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے ابتدائی تفتیش اور مقتول عنائیت شاہ کے بیٹے ولید شاہ کی مدعیت میں تھانہ شہزاد ٹاون میں مقدمہ درج کرلیا۔

اس مقدمے میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے چار اہلکاروں کو نامزد کیا گیا، پولیس نے چاروں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی شناخت جاوید، افضال، جمیل اور مستجب کے ناموں سے ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتول عنایت شاہ اپنے عزیز اعجاز شاہ کے ہمراہ ان کے گھر مارگلہ ٹاون جا رہے تھے، تاہم راول ٹاؤن کے علاقے میں اے ٹی ایس کے اہلکاروں نے گاڑی روکنے کے لیے لائٹس سے اشارہ دیا۔

شکایت کنندہ کا کہنا تھاکہ گاڑی روکنے پر اے ٹی ایس کے چار اہلکاروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عنایت شاہ موقع پر جان بحق جبکہ اعجاز شاہ زخمی ہوئے۔