حکومتی دباؤ پر بھارتی ٹی وی نے متنازع ڈرامہ بند کردیا
ڈرامے میں 9 سالہ بچے کو 18 سالہ لڑکی سے شادی کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
بھارت کے معروف ٹی وی چینل ’سونی‘ نے حکومتی دباؤ پر متنازع ڈرامہ ’پہریدار پیا کی‘ بند کردیا۔
خیال رہے کہ سونی ٹی وی کے اس ڈرامے کے خلاف گزشتہ چند ہفتوں سے بھارت بھر سے سوشل میڈیا پر احتجاج کیا جا رہا تھا، ہزاروں لوگوں نے ’پہریدار پیا کی‘ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سونی ٹی وی پر یہ ڈرامہ پرائم ٹائم کی نشریات میں مقامی وقت 10 بجے کے بعد نشر کیا جاتا تھا، ’پہریدار پیا کی‘ کو شروع ہوئے ابھی چند ہفتے ہی ہوئے تھے۔
’پہریدار پیا کی‘ میں ایک 18 سالہ نوجوان لڑکی کو 9 سالہ لڑکے سے شادی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈراموں میں ’ریپ‘ کی رومانوی منظر کشی کیوں؟
خود سے نصف عمر چھوٹے شوہر کی بیوی جہاں دیگر ذمہ داریاں نبھاتی ہے، وہیں وہ اپنے شوہر کی حفاظت بھی کرتی ہیں، جس وجہ سے ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔