پاکستان

مردم شماری نتائج: کراچی کی آبادی میں 60، لاہور میں 116 فیصد اضافہ

کراچی کی آبادی سب سے زیادہ ایک کروڑ 49 لاکھ افراد، لاہور کی ایک کروڑ 11 لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔

وزارت شماریات نے چھٹی مردم شماری کے ڈویژنز کے لحاظ سے آبادی کے عبوری نتائج جاری کر دیئے۔

ڈویژنز کے لحاظ سے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کا سب سے بڑا ڈویژن لاہور آبادی کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جس کی آبادی ایک کروڑ 93 لاکھ ہے۔

ملتان ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 22 لاکھ جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 10 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

اسی طرح بہاولپور ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 14 لاکھ، سرگودھا ڈویژن کی آبادی 81 لاکھ 81 ہزار، ساہیوال ڈویژن کی 73 لاکھ 80 ہزار جبکہ فیصل آباد ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 41 لاکھ افراد تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گجرانوالہ ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 61 لاکھ اور راولپنڈی ڈویژن کی کُل آبادی ایک کروڑ 7 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔

سندھ کے ڈویژن کے لحاظ سے مردم شماری کی تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کی آبادی کے ساتھ سرفہرست ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت نے مردم شماری کے نتائج مسترد کردیئے

لاڑکانہ ڈویژن 61 لاکھ 92 ہزار، سکھر 55 لاکھ 38 ہزار، حیدر آباد ڈویژن ایک کروڑ 59 لاکھ جبکہ میرپور خاص ڈویژن 42 لاکھ 28 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔

خیبر پختونخوا میں پشاور ڈویژن کی آبادی 74 لاکھ 3 ہزار جبکہ مالاکنڈ ڈویژن کی آبادی 75 لاکھ 14 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔

اس کے علاوہ ڈیرہ اسمٰعیل خان ڈویژن کی آبادی 20 لاکھ 19 ہزار، ہزارہ ڈویژن 53 لاکھ 25 ہزار، کوہاٹ ڈویژن 22 لاکھ 18 ہزار جبکہ مردان ڈویژن 39 لاکھ 97 ہزار افراد پر مشتمل ہے ۔

بلوچستان میں کوئٹہ ڈویژن آبادی کے اعداد و شمار میں 41 لاکھ 74 ہزار نفوس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

مزید پڑھیں: مردم شماری کے عبوری نتائج جاری، آبادی20 کروڑسے متجاوز

شہروں کے لحاظ سے کراچی کی آبادی سب سے زیادہ ایک کروڑ 49 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، 1998 میں کراچی کی آبادی میں 90 لاکھ 33 ہزار تھی یعنی شہر قائد کی آبادی میں گزشتہ مردم شماری سے اب تک 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

لاہور آبادی کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا شہر ہے، لاہور کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، گزشتہ مردم شماری میں لاہور کی آبادی 51 لاکھ 43 ہزار افراد پر مشتمل تھی جس میں 116 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کے دس بڑے شہر یہ ہیں۔

1۔ کراچی (ایک کروڑ 49 لاکھ)

2۔ لاہور (ایک کروڑ 11 لاکھ)

3۔ فیصل آباد (32 لاکھ)

4۔ راولپنڈی (21 لاکھ)

5۔ گجرانوالہ (20 لاکھ)

6۔ پشاور (20 لاکھ)

7۔ ملتان (19 لاکھ)

8۔ حیدر آباد (17 لاکھ)

9۔ اسلام آباد (10 لاکھ)

10۔ کوئٹہ (10 لاکھ)