کھیل

چیف سلیکٹر اقبال قاسم مستعفی

چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے استعفی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلکیشن کمیٹی کو بھی تحلیل کر دیا ہے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے پر چیف سلیکٹر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ہیں جبکہ پی سی بی نے ان کے استعفیٰ کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی بھی تحلیل کر دی ہے-

اقبال قاسم پی سی بی میں بطور گورننگ بورڈ ممبر اپنے فرائض سر انجا م دیتے رہیں گئے۔

اقبال قاسم نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو اپریل 2012ء میں ایک سال کے لئے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئیں تھیں اور اپریل 2012ء میں جب ان کے عہدہ کی مدت ختم ہو رہی تھی تو معطل چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے انہیں مزید ٹورنامنٹس کے لئے ذمہ داری نبھانے کا کہا تھا تو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی اور دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کا انتخاب کرکے اپنی ذمہ داری نبھائی اور اب پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کو حق ہے کہ وہ اپنی ٹیم بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم کی بری کارکردگی کا میرے چیف سلیکٹر کے عہدے سے علیحدہ ہونے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ مجھے پی سی بی میں بہت محبت ملی جس پر میں پی سی بی کے عہدیداران، ملازمین، ذکاء اشرف اور نجم سیٹھی کا مشکور ہوں۔

اقبال قاسم نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ میرٹ پر ٹیم منتخب کی ہے اور دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے بھی ٹیم کا اعلان صرف اور صرف میرٹ پر کیا گیا ہے۔

ون ڈے کے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹونٹی کے کپتان محمد حفیظ اور پوری ٹیم کے لئے میر ی نیک خواہشات ہیں کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز سے کامیاب لوٹیں۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے استعفی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلکیشن کمیٹی کو بھی تحلیل کر دیا ہے اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم کا انتخاب، نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی-

اقبال قاسم کی جگہ سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالقادر، محمد الیاس اور سابق قومی کوچ اور چیف سلیکٹر محسن خان کے نام قرہ فعال نکل سکتا ہے-

سابق کپتان عامر سہیل نے سابق وکٹ کیپر اور سلیکڑ، سلیم یوسف کو چیف سلیکٹر کیلئے موزوں قرار دے ہے- ۔حتمی فیصلہ پی سی بی کے قائم مقام چیرمن نجم سیٹھی لیں گے جنہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نوے دن کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے-

سلیکشن کمیٹی اور نئے سلیکٹر کا انتخاب آئندہ چند روز میں متوقع ہے-