وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ
اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم جدہ ایئرپورٹ پہنچے تو مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے ایک روزہ دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: ’دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کسی ملک کو خوش کرنے کیلئے نہیں‘
دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے دوران خطے میں باہمی مفادات سمیت دیگر ابھرتے ہوئے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر سعودی قیادت سے مشاورت بھی کریں گے۔
وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد شاہد قاخان عباسی کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے جبکہ اپنے اس دورے کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی روضہ رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلم پر حاضری بھی دیں گے۔