اسلام آباد کے لوگ ’نامعلوم افراد 2‘ کے لیے پاگل
ریلیز کے لیے تیار پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد 2‘ کی ٹیم ان دنوں فلم کی تشہیر کے لیے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہی ہے۔
نامعلوم افراد 2 کی مرکزی کاسٹ گزشتہ 2 دن سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں فلم کے پروموشن میں مصروف ہے۔
اداکار فہد مصطفیٰ، محسن عباس اور ہانیا عامر سمیت دیگر اداکار 22 اگست کو پہلے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ پہنچے، جہاں ہزاروں مداح اپنے من پسند اداکاروں کے ساتھ سیلفی تصاویر کھچوانے کے لیے امڈ آئے۔
فلم کی ٹیم اسی دن شام کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچی، جہاں حیران کن طور پر اداکاروں کا سامنا سیکڑوں افراد سے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نا معلوم افراد 2 کے اسٹارز کا ’نچ نچ کے‘ پر ڈانس
نامعلوم افراد 2 کی ٹیم اسلام آباد کے معروف سینٹورس مال پہنچی، جہاں ان گنت لوگ امڈ آئے۔
اس دوران فہد مصطفیٰ، محسن عباس حیدر، ہانیا عامر اور دیگر کاسٹ نے مداحوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔
نامعلوم افراد 2 کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جاری کی گئی تصاویر میں سیکڑوں لوگوں کو اداکاروں کی جانب سے لی گئی سیلفی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
پروموشن کے موقع پر اداکاروں نے مداحوں کو فلم کے اہم واقعات اور شوٹنگ سے متعلق آگاہی دی۔
تشہیر میں مصروف فلم کی ٹیم کے ساتھ سینیئر اداکار جاوید شیخ اور مرینہ خان جیسے اداکار نظر نہیں آئے، جب کہ اس موقع پر عروا حسین کی کمی بھی محسوس کی گئی۔
مزید پڑھیں: صدف کنول کا آئٹم سانگ ریلیز
خیال رہے کہ نامعلوم افراد 2 کو عید قرباں کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
یہ فلم 2014 کی بلاک بسٹر فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل ہے، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صدف کنول کا آئٹم سانگ بھی شامل کیا گیا ہے، جب کہ مرینہ خان پہلی بار کسی فلم میں نظر آئیں گی۔
فلم کا جاری کیا گیا ٹریلر اور گانے پہلے ہی مقبول ہوچکے ہیں۔