پاکستان

ماورا حسین وکیل بننے کے قریب

اداکارہ نے 2014 میں ایل ایل بی پروگرام میں داخلہ لیا تھا، انہوں نے لندن یونیورسٹی سے بھی ڈپلومہ کر رکھا ہے۔

پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماورا حسین نے وکالت کی ڈگری کے لیے سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا۔

خیال رہے کہ ماورا حسین نے وکالت کے لیے ایل ایل بی کے پروگرام میں 2014 میں داخلہ لیا تھا، تاہم اداکاری سمیت دیگر مصروفیات کے باعث وہ تعلیم کو مکمل نہیں کر پائیں تھیں۔

ایل ایل بی کو مکمل نہ کرپانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ماورا حسین نے رواں برس فروری میں ہر حال میں وکالت کا امتحان پاس کرنے کا عزم کیا۔

فروری میں ڈان امیجز سے بات چیت کے دوران ماورا حسین نے بتایا تھا کہ وہ رواں برس مئی تک مکمل طور پر ایل ایل بی کے امتحانات کی تیاری کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ماورا حسین نے وکیل بننے کی ٹھان لی

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر پاکستانی اخبار میں شائع ہوئے اشتہار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے ایل ایل بی سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا۔

شیئر کی گئی تصویر میں ماورا حسین کا کارڈ دیکھا جاسکتا ہے، جس میں اداکارہ کے نام سمیت 3 میرٹس اور (دوسرا سال) پڑھا جاسکتا ہے۔

تصویر میں پاکستان کے دیگر طلبہ کے کارڈز بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: شان کا ماورا حسین پر پابندی لگانے کا مطالبہ

اداکارہ نے اس کامیابی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ کام اپنی والدہ کے خواب کو مکمل کرنے کے لیے کیا۔

ماورا حسین کا کہنا تھا کہ ’ان کی والدہ کا خواب تھا کہ وہ وکالت کی تعلیم حاصل کریں‘، انہوں نے کامیابی پر اپنے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ ماروا حسین نے اس سے قبل بھی لندن یونیورسٹی سے وکالت کا ڈپلومہ حاصل کر رکھا ہے، جب کہ انہوں نے 6 ماہ تک میڈیسن کی تعلیم بھی حاصل کی، مگر اسے بھی برقرار نہ رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماورا حسین کا سوشل میڈیا پر مذاق

ماورا حسین جہاں کامیاب اداکارہ ہیں، وہیں وہ اپنے تعلیمی کیریئر کو بھی آگے بڑھانا چاہتی ہیں، انہوں نے فیشن ڈزائنگ میں بھی خصوصی تربیت لے رکھی ہے۔

ماورہ حسین متعدد معروف ٹی وی ڈراموں سمیت 2016 میں بولی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ میں بھی ڈیبیو کر چکی ہیں، جب کہ وہ پاکستانی ٹیلی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔