لائف اسٹائل

'انڈر ٹیکر متحرک اور کبھی بھی واپس آسکتے ہیں'

ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ سمرسلیم کے موقع پر انڈر ٹیکر کی نیویارک کا سفر کرتے ہوئے تصویر سامنے آئی ہے جہاں یہ ایونٹ متوقع ہے۔

ریسل مینیا 33 کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو ممکنہ طور پر خیرباد کہہ دینے والے لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر کی واپسی کی اطلاعات زور پکڑتی جارہی ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ سمرسلیم کے موقع پر انڈر ٹیکر کی نیویارک کا سفر کرتے ہوئے تصویر سامنے آئی ہے جہاں یہ ایونٹ متوقع ہے۔

اگرچہ تصویر سے تو عندیہ نہیں ملتا کہ وہ ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای واپس آرہے ہیں مگر ان کے قریبی دوست اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق اناﺅنسر جم روس کا انٹرویو یہ اشارہ ضرور دیتا ہے۔

مزید پڑھیں : انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟

جم روس وہ شخص ہیں جنھیں انڈر ٹیکر نے خصوصی فرمائش کرکے اپنے آخری ریسل مینیا میچ کی کمنٹری کے لیے طلب کیا تھا۔

سابق اناﺅنسر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ' جب تک انڈرٹیکر خود اعلان نہیں کرتے کہ بس بہت ہوگیا، وہ ریسلنگ سے دور نہیں ہوئے، میرے خیال میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین ونس میکموہن مارکیٹنگ جنیئس ہیں، وہ پیسہ کمانے اور انڈر ٹیکر کی لیگیسی سے سرمایہ کاری کے موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے'۔

ان کا کہنا تھا ' جب تک انڈر ٹیکر خود ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کرتے اور کمپنی اس کی تصدیق نہیں کرتی، اس وقت تک وہ واپس آسکتے ہیں، میں نے دیکھا ہے کہ انڈر ٹیکر اب بھی متحرک اور کسی بھی وقت ریسلنگ رنگ میں واپسی اختیار کرسکتے ہیں'۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی خواہش ہے کہ انڈر ٹیکر ابھی کمپنی کا مزید حصہ رہیں اور مزید میچز لڑتے نظر آئیں، جب تک وہ ایسا کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر ایک بار پھر واپسی کے لیے تیار؟

انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای کے کافی وفادار ہیں اور متعدد بار ریسلنگ چھوڑنے کا ارادہ ونس میکموہن کے اصرار پر ترک کرکے واپس آچکے ہیں۔

اور ممکن ہے کہ وہ ریسل مینیا 34 میں لڑتے نظر بھی آئیں، کیونکہ انڈر ٹیکر یا ڈبلیو ڈبلیو ای دونوں کی جانب سے ان کی ریٹائرمنٹ کا کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا ہے اور واپسی کا دروازہ کھلا ہے۔