کھیل

سنسناٹی ٹینس :نڈال کو اپ سیٹ شکست، ثانیہ مرزا بھی ایونٹ سےباہر

آسٹریلیا کے کرگیوس نے رافیل نڈال کو شکست دی، ڈبلز مقابلوں میں برائن برادرز اور خواتین میں ثانیہ کی جوڑی کو شکست ہوئی۔

امریکا میں جاری سنسناٹی ماسٹرز ٹینس میں سابق عالمی نمبرایک اسپین کے اسٹار کھلاڑی رافیل نڈال کو آسٹریلوی کھلاڑی نے اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جبکہ خواتین کے مقابلوں میں بھارتی کھلاڑی ثانیہ مرزا کی جوڑی کو بھی شکست کا سامناکرنا پڑا۔

سنسناٹی ماسٹرز ٹینس مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف نڈال کو سٹریٹ سیٹ میں 6-2 اور 7-5 سے زیر کرکے سابق عالمی نمبرایک کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔

دوسرےکوارٹر فائنل میں ا سپین کے ہی ڈیوڈ فیرر نے کینیڈا کے ڈومنک تھیم کو 6-3 اور 6-3 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، امریکا کے جان اسنر ہم وطن ڈونلڈسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، سیمی فائنل میں جگہ بنانے والے چوتھے کھلاڑی ریگور دمترف نے جاپان کے سوگیتا کو شکست دی ۔

خواتین سنگلز کے مقابلوں میں سیمونا ہلپا، سیلونی اسٹیفنز اور کیرولینا پلسکووا کی پیش قدمی جاری ہے جہاں انھوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

خواتین کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں رومانیہ کی اسٹار کھلاڑی ہلپا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کی جوہانا کونتا کو 6-4 اور 7-6 سے زیر کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ، امریکا کی سیلونی اسٹیفنز نے جرمنی کی جولیا جارجز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

کیرولینا پلسکووا نے ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

بھارتی کھلاڑی ثانیہ مرزا کی جوڑی کو ویمنز ڈبلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں جبکہ ان کی سابق ساتھی مارٹینا ہنگیز نےکامیابیوں کےسلسلےکو جاری رکھتےہوئے فائنل میں پہنچ گئیں۔

سنسناٹی ٹینس ماسٹر کے ویمنز ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں نیکو لیسکو اور سیو وائی نے اپنے عمدہ کھیل سے ثانیہ مرزا اور ان کی چینی جوڑی دار شوئی پینگ کو 6-4 اور 7-6 سے ہرا دیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں سوئس اسٹار مارٹینا ہنگیز اور چن نے بربورا سٹرائیکووا اور لوسی سفارووا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی کو شکست دےکر فائنل کھیلنے ک ااعزاز حاصل کیا۔

مینز ڈبلز کوارٹر فائنل مقابلوں میں مائیک برائن اور باب برائن پر مشتمل امریکن جوڑی کو شکست کا سامنا کرنا پڑاجہاں انھیں نیکولاس ماہوت اور ہربرٹ پر مشتمل فرانسیسی جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد 4-6، 7-5 اور 10-8 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔