فضائی سفر کے دوران کان بند کیوں ہوجاتے ہیں؟
اگر آپ نے فضائی سفر کیا ہو تو ایک تجربہ ضرور ہوا ہوگا اور وہ ہے ٹیک آف یا لینڈنگ کے وقت کانوں میں تکلیف، بند ہوجانا یا سیٹیاں سی بجتی ہوئی محسوس ہونا۔
مگر کیا یہ کسی بیماری کی وجہ سے ہوتا ہے یا اس کے پیچھے کوئی راز چھپا ہے؟
درحقیقت فضائی سفر کے دوران ایسا ہونا عام معمول کا حصہ ہے، جس کی وجہ طیارے میں ہوا کے دباﺅ میں توازن نہ ہونا ہے۔
جب ہم زمین پر ہوتے ہیں تو ہمارے ارگرد یعنی کانوں کے پردوں کے اطراف ہوا کا دباﺅ یکساں یا برابر ہوتا ہے، جس سے ہوا آسانی سے کان اور حلق کی درمیانی شریان سے گزر جاتی ہے۔
مگر جب ہم طیارے میں سفر کرتے ہیں تو وہاں ہوا کا دباﺅ ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت غیرمتوازن ہوجاتا ہے اور اس تبدیلی کو ہمارے کانوں کے پردے محسوس کرلیتے ہیں جو اس سے فوری طور پر مطابقت نہیں کرپاتے۔
اگر کان اس دباﺅ سے مطابقت میں کچھ دیر لگادیں تو درد محسوس ہونے لگتا ہے۔
ایسا ہی کچھ غوطہ خوری یا زیر آب جانے پر بھی ہوجاتا ہے جب ہوا کے دباﺅ میں اچانک تبدیلی آتی ہے۔
ویسے فضائی سفر کے دوران کانوں کو اس تکلیف سے بچانے کا طریقہ بہت آسان ہے اور وہ ہے بس جمائی لینا یا کوئی میٹھی چیز نگلنا، یہ دونوں طریقے ہوا کے گزرنے والی نالی کو کھول کر دباﺅ میں کمی لاتے ہیں۔