کراچی: فائرنگ سے پولیس رضاکار جاں بحق، ساتھی زخمی
کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے پر ناردرن بائی پاس کے قریب فائرنگ سے ایک پولیس رضا کار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کے مطابق دونوں پولیس رضا کار ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس چوکی پر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کے بعد دونوں رضاکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک رضاکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے رضاکار کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔
راؤ انوار کے مطابق واقعے کے بعد جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔
رواں ماہ 11 اگست کو بھی کراچی کے علاقے عزیز آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ٹریفک حنیف اور ان کے ڈرائیور کانسٹیبل سلطان شہید ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ: ڈی ایس پی ٹریفک اور کانسٹیبل شہید
گذشتہ ماہ 25 جولائی کو بھی کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار محمد خان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔
اس واقعے سے قبل 21 جولائی کو کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’3 دہشت گرد‘ گرفتار
دوسری جانب حال ہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق تینوں مبینہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سوات گروپ سے ہے اور وہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار محمد خان کے علاوہ کورنگی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔