بھارت آزاد مگر بولی وڈ قید و پابندی کا شکار؟
ویسے تو بولی وڈ میں ہر موضوع پر، معیاری اور بہترین فلمیں بھی بنائی جاتی ہیں، اور انہیں سراہا بھی جاتا ہے۔
لیکن ساتھ ہی ساتھ بولی وڈ میں ایسی فلموں کو وہ پذیرائی نہیں ملتی جو عام موضوعات سے ہٹ کر بنائی جاتی ہیں، جن میں سماج کی سچائی کو دکھایا جاتا ہے۔
یہاں تک کہ بولی وڈ کی کئی فلموں میں آئٹم سانگ شامل تو کرلیے جاتے ہیں، لیکن ان پر پرفارمنس دینے والی ہیروئنز کو اچھی نظروں سے نہیں دیکھا جاتا، اور نہ ہی آئٹم سانگ میں پرفارمنس کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
بھارت نے 15 اگست کو اپنا 70 واں جشن آزادی منایا، لیکن اس دن بولی وڈ میں فلمی آزادی زیر بحث رہی، اور بھارتی میڈیا نے بھی اس حوالے سے اہم رپورٹس شائع کیں۔
بولی وڈ لائف کے مطابق بھارت کو انگریزوں سے آزادی حاصل کیے ہوئے تو 70 سال ہوگئے، لیکن فلم انڈسٹری اب بھی بہت سارے معاملات میں قید و پابندی کا شکار ہے، جسے اب ختم ہونا چاہیے۔