نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں: ایاز صادق
لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف ان کے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں اور پورا پاکستان ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائے ونڈ میں ہونے والے طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف دوستوں اور شہریوں کے مطالبے پر جی ٹی روڈ کے راستے سے لاہور آئے تھے اور ان کو جو پذیرائی ملی وہ سب کے سامنے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں، اسی لیے نواز شریف کے لیے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے'۔
مزید پڑھیں: جی ٹی روڈ ریلی:’فیصلہ دینے والے عوام کا فیصلہ بھی دیکھ لیں‘
مشاورتی اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف نے اجلاس میں کسی ادارے سے تصادم کی بات نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنا حق لینے کی بات کی ہے'۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کا ہر حصہ نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے، نواز شریف ہر جگہ جائیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ کے لوگ سابق وزیراعظم کو زیادہ شدت سے بلائیں گے وہ وہاں ضرور جائیں گے۔
آئین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 'جو ہونا تھا، وہ ہوچکا اب آگے دیکھنا ہے'۔
یہ پڑھیں: نواز شریف کا دیگر صوبوں میں بڑی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ
انہوں نے بتایا کہ جمعہ اور جمعرات کو الیکشن اصلاحات بل کے حوالے سے ملاقات ہوگی جس کے لیے 125 اجلاس ہوچکے ہیں۔