روزانہ کچھ بادام کھانا ڈاکٹروں کو دور رکھے
بادام ایسا میوہ ہے جو اکثر افراد کو پسند ہوتا ہے جو نہ صرف لذیذ بلکہ صحت بخش بھی ہوتا ہے۔
اس میں متعدد وٹامنز اور ایسے اجزاءہوتے ہیں جو جسم کو صحت مند اور شخصیت کو خوبصورت بناتے ہیں۔
تاہم اگر پھر بھی آپ اسے کھانا پسند نہیں کرتے تو اب معلوم ہوا کہ روزانہ کچھ بادام کھانا صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاکر فائدہ مند کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج وغیرہ کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں : بادام کھانا موٹاپے کی روک تھام کے لیے بہترین
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں بادام کھانا ایچ ڈی ایل کولیسٹرول (صحت کے لیے فائدہ مند) کی سطح کو بڑھاتا ہے او راس کے لیے مختلف اعضاءجیسے جوڑوں سے جمع کرکے جسم میں بھیجتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران پچاس کے قریب مرد و خواتین کو چھ ہفتوں تک بادام کا استعمال کرایا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 43 گرام بادام کھانا اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ صرف باداموں سے امراض قلب کے خطرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا، مگر پھر بھی اسے بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے اور یہ ایک صحت مند غذائی انتخاب ثابت ہوتا ہے جو کہ جسم کو گڈ فیٹ، وٹامن ای اور فائبر بھی فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گریوں کے فوائد اور پکوان
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اسے ہر بیماری کا علاج قرار نہیں دیتا، تاہم اعتدال سے اسے کھانا، خاص طور پر جنک فوڈ پر ترجیح دینا صحت مند زندگی کے لیے اچھا اضافہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔