جشن آزادی کے موقع پرآئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ جاری
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے وطن عزیز کے 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ملی نغمہ جاری کردیا گیا۔
وطن تیرا بھلا ہو کے عنوان سے جاری کیے گئے خصوصی ملی نغمے میں پاک فوج کے جوانوں کو دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
خصوصی طور پر تیار کیے گئے ملی نغمے کی ویڈیو میں عوام کو بھی وطن کے گیت گاتے دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ایس پی آر کا گانا
گلوکار شفقت امانت علی خان کے گانے کی وڈیو آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر آصف غفور نے اپنے فیس بک پیج پر بھی شیئر کی۔
لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے والے اس ملی نغمے میں پاک فوج کے نوجوانوں کو مختلف دشوار ترین مقامات پر دشمن کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایس پی آر اس سے قبل بھی پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف مواقع پر گانے جاری کرتا آیا ہے۔
مزید پڑھیں: سانحہ پشاور کی برسی پر نیا نغمہ ریلیز
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گرد حملے کے بعد بھی شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی گانا جاری کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے سانحہ پشاور کے حوالے سے 2 گانے جاری کیے گئے تھے، جو عوام میں بہت مقبول ہوئے۔