پاکستان

این اے120ضمنی الیکشن: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر میں جمع کرائے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے۔

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے صوبائی دفتر میں جمع کرائے، اس موقع پر ان کے ہمراہ رہنما مسلم لیگ (ن) آصف کرمانی اور لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس سے قبل این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

ادھر پیپلز پارٹی کی جانب سے پانچ امیدوارں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جن میں عزیز الرحمٰن چن، چوہدری ظہور، اشرف بھٹی، فیصل میر اور زبیر کاردار شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: این اے120ضمنی الیکشن:اہم جماعتوں نےکاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے

ریٹرننگ آفیسر میاں شاہد نے دونوں پارٹیوں کے امیدواروں کے کاغذات کی تصدیق کرکے انہیں جمع کرلیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ نشست پر پی ٹی آئی کی نامزد اُمیدوار یاسمین راشد کی انتخابی مہم کئی روز سے جاری ہے اور مسلم لیگ (ق) پی ٹی آئی کی انتخابی مہم میں ان کی بھر پور حمایت کررہی ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پورے حلقے میں ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں اور انتخابات سے قبل دھاندلی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کی جانب سے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔

گذشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لیے 3 آزاد امیدواروں علامہ غلام محمد شبیر، مائیکل حارث اور علی ربانی ایڈووکیٹ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

یہ نشست پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے اور ان کی سبکدوشی کے بعد خالی ہوئی تھی، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے نشست کے خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مذکورہ نشست پر 17 ستمبر کو ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی 12 اگست کو منظور کیے جائیں گے۔

گذشتہ دنوں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز یا ان کی اہلیہ کلثوم نواز کو این اے 120 پر انتخابات کے لیے نامزد کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج سامنے آیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ نواز شریف نے سبکدوشی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو مذکورہ نشست کے لیے اُمیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں ان کا نام واپس لے لیا گیا، جیسا کہ پارٹی کے رہنماؤں نے تجویز دی تھی کہ شہباز شریف کا وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر رہنا بہت ضروری ہے۔