کیا ایک ٹوئیٹ کرنے سے طلاق ہوگئی؟
سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس جدید دور میں جہاں تعزیتیں بھی ڈجیٹل ہونے لگی ہیں، وہیں حالیہ برسوں میں طلاقیں بھی آن لائن دی جانے لگی ہیں، اور انہیں بعض مرتبہ تسلیم بھی کرلیا جاتا ہے۔
آن لائن طلاق کی قانونی حیثیت کیا ہے، اس بحث سے ہٹ کر دیکھا جائے کہ معروف شخصیات آج کل اپنی شادی اورعلیحدگی کا اعلان ایک ٹوئیٹ کے ذریعے ہی کرتے ہیں، اور اس رجحان کو سمجھنا عام عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔
گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ انہوں نے اور ان کی پاکستانی نژاد امریکی اہلیہ فریال مخدوم نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔
عامر خان نے 4 اگست کو سلسلہ وار ٹوئیٹس میں اپنی اہلیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہمیشہ کسی دوسرے مرد باکسر کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
پاکستانی نژاد باکسر کا کہنا تھا کہ فریال مخدوم ان کے حریف باکسر اینتھونی جوشوا کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں، لیکن وہ ان سے جیلس نہیں، اس لیے فریال ان کے پاس اس مرد کی تصاویر نہ بھیجیں۔
یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان نے اہلیہ سے علیحدگی اختیار کر لی
عامر خان کے ایسی ٹوئٹس کا جواب فریال مخدوم نے بھی دیا، اور انہوں نے بھی سلسلہ وار ٹوئیٹس کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کا اپنا کیریئر ختم ہوگیا، اس لیے وہ دوسروں پر الزامات لگا رہے ہیں۔
بعد ازاں فریال مخدوم کے ٹوئٹر اکائونٹ سے تمام ٹوئیٹس ڈلیٹ کردیے گئے، جب کہ اس واقعے کے ایک دن بعد فریال مخدوم کے بیان سے منسوب یہ خبر سامنے آئی کہ ان کے ٹوئٹر اکائونٹس ہیک کرلیے گئے۔
جب کہ عامر خان کے نام سے منسوب خبر میں اکائونٹ ہیک کیے جانے کی بات کی تردید کی گئی۔
اس سارے معاملے کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اپنی خبر میں ذرائع سے بتایا کہ اکائونٹ ہیک کیے جانے کی منصوبہ بندی فریال مخدوم نے بنائی، کیوں کہ وہ اپنی بیٹی کے مستقبل کے حوالے سے عامر خان کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
اخبار نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ عامر خان کی جانب علیحدگی کی ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد فریال مخدوم نے برطانیہ کے 2 پبلشرز اور پاکستان کے ایک انگریزی اخبار کو منصوبہ بندی کے تحت اکائونٹ ہیک کرنے کا بتایا۔