پاکستان

ملتان: پسند کی شادی کرنے والی خاتون بھائی کے ہاتھوں قتل

راجن پور سے تعلق رکھنےوالی خاتون کو ان کے بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا، ملزم کو گرفتارکرلیا گیا، پولیس

ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک نوجوان نے پسند کی شادی کرنے والی اپنی بہن کو عدالت کے باہر فائرنگ کرکے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق راجن پور سے تعلق رکھنے والی خاتون کلثوم بی بی نے چند ماہ قبل رفاقت سے پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد لڑکی کے اہلخانہ نے ان کے خلاف کیس دائر کردیا تھا۔

پسند کی شادی کرنے والا جوڑا منگل (8 اگست) کو پیشی کے لیے عدالت آیا تو مرکزی دروازے پر موجود لڑکی کے 17 سالہ بھائی نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لڑکی سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا شوہر رفاقت شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر ایک وکیل سہیل بھی زخمی ہوا۔

پولیس نے لڑکی کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا، واقعے کے زخمیوں کو بھی فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹا کرنے کا آغاز کردیا۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر قتل کے خاتمے کا عزم

پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال عزت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔

اب تک ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے کیسز کے ملزمان، جن میں عام طور پر خاتون کے اپنے قریبی رشتہ دار ہی شامل ہوتے ہیں، گرفتاری کے چند روز بعد ہی اس لیے آزاد ہوجاتے ہیں کیونکہ ورثاء انہیں معاف کردیتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال 16 جولائی کو ملتان کے علاقے کریم آباد میں ماڈل قندیل بلوچ کو ان کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

جس کے بعد پولیس نے ماڈل کے بھائی وسیم کو مرکزی ملزم قرار دے کر گرفتار کیا تھا اور بعدازاں ان کے کزن حق نواز نے بھی گرفتاری دے دی تھی۔