لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لانے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور کے ناصر باغ میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی تحقیقاتی رپورٹ میں پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جسے منظر عام پر لایا جانا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کی سبکدوشی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اقتدار سے برطرف ہونے والا کہتا ہے کہ میرا قصور کیا تھا، ’ میں پوچھتا ہوں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کا کیا قصور تھا‘، جن پر آپ لوگوں نے ظلم کی انتہا کردی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرانے پر 7 سال قید کی سزا ہوسکتی تھی، نواز شریف شکر ادا کریں کہ عدالت عظمیٰ نے انہیں جیل نہیں بھیجا، صرف جھوٹا قرار دے کر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے حکم نامے میں صرف یہ لکھا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'حکومت آج بھی آپ کی ہے، مینڈیٹ اور کسے کہتے ہیں، تمام وزرا اور وزیراعظم آپ کا ہی ہے'۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آپ اور آپ کا خاندان اقتدار میں ہوں تو آپ اسے جمہوریت مانتے ہیں، حکومت کا مکمل نظام آپ کے ہاتھ میں ہے اور اس کے باوجود کہتے ہیں کہ جمہوریت نہیں ہے۔
عوامی تحریک کے سربراہ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو ماڈل ٹاؤن کا کیس بھی دیا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں قانون اور جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں اور گزشتہ 3 سال سے عوام کو امن کا درس دے رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کیس میں 126 افراد کو سمن جاری ہوا تاہم ایک بھی شخص گرفتار نہیں ہوا، یہاں تک کہ قتل کرنے والوں کو طلب ہی نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر طاہر القادری سے قبل سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں نے عوامی تحریک کے جلسے سے خطاب کیا۔
اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ناروے سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ڈاکٹر طاہر القادری عوامی تحریک کے کارکنوں کے ہمراہ ایک قافلے کی صورت میں لاہور کے ناصر باغ پہنچے۔
پاکستان آمد کا واحد ایجنڈا انصاف بشکل قصاص، طاہر القادری