این اے 120: ن لیگ کا مریم، کلثوم نواز کے ناموں پر غور
لاہور: برطرف وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے تاہم پارٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس نشست کے ٹکٹ کے لیے سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم یا ان کی بیٹی مریم نواز کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
ایک پارٹی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ 'پارٹی اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر لیگی امیدواروں کے لیے اب تک بیگم کلثوم اور مریم نواز کے نام بالترتیب پہلی اور دوسری ترجیح کے طور پر سامنے آئے ہیں'۔
عہدیدار کا نواز شریف کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی لاہور آمد کے بعد مشاورتی اجلاس میں امیدوار کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نے اپنے چھوٹے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
مزید پڑھیں: این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا
تاہم چند سینئر پارٹی اراکین کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کے بعد کہ پنجاب میں شہباز شریف کی عدم موجودگی صوبے میں جاری میگا پراجیکٹس کی رفتار کو متاثر کرے گی، ان کا نام بظاہر واپس لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ 1999 میں جنرل (ر) مشرف کی فوجی بغاوت کے بعد قید میں موجود اپنے شوہر کی رہائی کے لیے بیگم کلثوم نے کامیابی سے پارٹی کی تحریک کو آگے بڑھایا تھا تاہم وہ اور ان کی بیٹی مریم آج تک کسی سطح کے انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوئی ہیں۔
یہ خبر 8 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔