کوئٹہ میں ’مِنی زیارت ریزیڈینسی‘ کی تعمیر
قائدِاعظم ریزیڈینسی جیسی اس عمارت کو جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
کوئٹہ: بلوچستان کی صوبائی حکومت کوئٹہ ایئرپورٹ کے نزدیک قائداعظم کی رہائش گاہ زیارت ریزیڈینسی سے مشابہت رکھنے والی ’مِنی زیارت ریزیڈینسی‘ تعمیر کر رہی ہے۔
اس طرح دشوار گزار راستوں سے ہوتے ہوئے زیارت پہنچ کر قائد اعظم ریزیڈنسی کو دیکھنے کا خواب بلوچستان حکومت نے آسان کردیا اور کوئٹہ شہر میں ہی 2 منزلہ قائداعظم ریزیڈینسی جیسی عمارت تعمیر کی جارہی ہے،
قائداعظم کی میراث کے اس نمونے کو جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس عمارت کے معمار طارق لونی نے بتایا، ’ہم اس عمارت کی تعمیر کے لیے دھات اور سنگ مر مر کا استعمال کر رہے ہیں تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس عمارت میں صفائی ستھرائی اور بحالی کا کام نہیں ہوگا‘۔