پاکستان

افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں: آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے بالخصوص افغانستان کی صورتحال زیر بحث آئی۔

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دیرپا قیام امن کے لیے ہم افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس کے دوران اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران خطے اور بالخصوص افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال بھی زیر غور آئی اور علاقائی امن اور سیکیورٹی کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا گیا۔

بیان کے مطابق اجلاس کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں، آرمی چیف نے آپریشن خیبر فور کی کامیابی کی بھی تائید کی۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آرمی چیف کی مذمت

قومی سلامتی اور سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی آئین اور قانون کی عملداری قائم ہوگی۔

آرمی چیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں جنوبی و مشرقی ایشیا امور کی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری اور امریکا کی قائم مقام نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان ایمب ایلس ویلز نے پاکستان کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور افغانستان سے جوابی امن اقدامات کا مطالبہ

گذشتہ ہفتے جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال سے ملاقات میں بھی دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کی وجہ بننے والے عوامل کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا تھا۔