کھیل

وسیم، وقار 'ملتان سلطانز' کا حصہ

وسیم اکرم پی ایس ایل کی نئی ٹیم کےکرکٹ آپریشنز ڈائریکٹرجبکہ وقار یونس مینٹور اورہیڈ کوچ کےطورپر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

کراچی: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور سابق کپتان وقار یونس ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے، جہاں وہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں نئی فرنچائز ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔

رواں ماہ متوقع ایک باقاعدہ تقریب میں وسیم اکرم پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے کرکٹ آپریشنز ڈائریکٹر جبکہ وقار یونس ٹیم کے مینٹور اور ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ 2003 میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں کھلاڑی ایک ساتھ کام کریں گے۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑ گئے

حال ہی میں وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہا تھا، جس کے ساتھ وہ گذشتہ 2 سیزنز سے وابستہ تھے۔

وسیم اکرم کی مینٹورنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن اپنے نام کیا تھا۔

دوسری جانب یہ وقار یونس کے لیے پہلا موقع ہوگا کہ وہ پی ایس ایل میں کسی ٹیم کے ساتھ وابستہ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈومیسٹک کرکٹ کے ناقص ڈھانچے پر وسیم اکرم مایوس

کرکٹ کی دنیا میں ’ڈبل ڈبلیوز‘ کے نام سے مشہور وسیم-وقار جوڑی نے اپنی بلے بازی سے پاکستان ٹیم کو فتوحات دلانے اور ٹیسٹ میچوں میں یقینی شکست سے بچانے کے لیے کریز پر ہمیشہ دیگر بیٹسمینوں کا ساتھ دیا۔

ایک ساتھ کھیلے گئے 61 ٹیسٹ میچز میں دونوں باؤلرز نے مشترکہ طور پر 559 وکٹیں حاصل کیں، جن میں وسیم اکرم کی انفرادی طور پر 282 جبکہ وقار یونس کی 277 وکٹیں شامل ہیں۔


یہ خبر 4 اگست 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی