کھیل

سابق ہیوی ویٹ باکسر ولادمیر کلچکو ریٹائر

41 سالہ یوکرینی باکسر ساڑھے نو سال تک بغیر ہارے ہیوی ویٹ چیمپیئن رہے اور 2015 میں ان سے یہ اعزاز چھنا تھا۔

لندن: سابق ہیوی ویٹ ورلڈ چیمپیئن باکسر ولادمیر کلچکو نے انٹرنیشنل باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور اب وہ اینتھونی جوشوا سے دوبارہ مقابلہ نہیں کریں گے۔

41 سالہ یوکرینی باکسر کو رواں برس اپریل میں منعقدہ ورلڈ ہیوی ویٹ فائٹ میں جوشوا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور شکست کے بعد کلچکو نے جوشوا کو دوبارہ مقابلے کیلئے چیلنج کیا تھا۔

جوشوا کو امید تھی کہ کلچکو دوبارہ میچ کیلئے معاہدے پر دستخط کریں گے تاہم اس سے قبل ہی یوکرینی باکسر نے باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا۔

کلچکو نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے زندگی میں جس چیز کی بھی خواہش کی حاصل کی اور اب میں کھیلوں کے بعد دوسرے کیریئر کا آغاز کروں گا۔

ولادمیر نے ایک شاندار کیریئر گزارا اور ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ اور ان کے بھائی ویٹالی کلچکو اکثر بڑے ہیوی ویٹ ٹائٹلز کے مالک تھے البتہ دونوں بھائی کبھی بھی ایک دوسرے کے خلاف میدان میں نہیں اترے اور یوکرین کے باکسرز نے ہمیشہ یہ عذر پیش کیا کہ انہوں نے اپنی والدہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کبھی ایک دوسرے کے خلاف میدان میں نہیں اتریں گے۔

پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے کے سبب ڈاکٹر اسٹیل ہیمر کے نام سے مشہور ولادمیر کلچکو کا شمار باکسنگ کی دنیا کے بڑے لیجنڈز میں ہوتا ہے اور انہوں نے 1996 کے اٹلانٹا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر شہرت حاصل کی۔

وہ ساڑھے نو سال تک بغیر ہارے ہیوی ویٹ چیمپیئن رہے اور ان کے اس ریکارڈ کا خاتمہ 2015 میں ٹائس فیوری کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ہوا۔

اپنے کیریئر کی 69 پروفیشنل فائٹس میں سے انہوں نے 64 جیتیں جس میں سے 54 مقابلوں میں انہوں نے حریف کو ناک آؤٹ کیا تاہم ان کے شاندار کیریئر کا اختتام زیادہ اچھا نہ رہا جہاں انہیں اپنی آخری دونوں فائٹس میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔