بولی وڈ میں پہلی بار ناسا کون گیا؟
بولی وڈ پروڈیوسر وکی راجانی ان دنوں اپنے آنے والی فلم’چندا ماما دور کے‘ کی شوٹنگ کے لیے اداکاروں کی تربیت مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
جیسے ہی فلم کے اداکار سشانت سنگھ اور دیگر افراد امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ سے تربیت مکمل کریں گے، تو وہ اپنی فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔
وکی راجانی کی اس فلم میں سشانت سنگھ سمیت نوازالدین صدیقی بھی ایک خلاباز کے روپ میں نظر آئیں گے، تاہم تاحال انہوں نے خلاباز بننے کے تربیتی پروگرام میں شرکت نہیں کی۔
نوازالدین صدیقی کی جانب سے تربیتی کمیپ میں شرکت نہ کرنے کا سبب ان کی جانب سے ’بابو موشی بندوق باز‘ اور ’منٹو‘ جیسی فلموں کی مصروفیات ہیں، تاہم وہ جلد ہی ناسا کے تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان خلاباز بنیں گے
لیکن پروڈیوسر وکی راجانی کی جانب سے اداکار سشانت سنگھ کی خلاباز کے روپ میں تصویر ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے کے بعد بولی وڈ میں نئی بحث چھڑ گئی۔
وکی راجانی نے سشانت سنگھ کی تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار کوئی بولی وڈ ناسا کی تربیت کیمپ کا حصہ بنا ہے، جس کے بعد اس پربحث چھڑ گئی کہ پہلی بار بولی وڈ سے کون ناسا گیا؟۔
این ڈی ٹی وی نے اپنی خبر میں بتایا کہ سشانت سنگھ کی آنے فلم ’چندا ماما دور کے‘ سے پہلے بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے 2004 میں اپنی فلم ’سوادیس‘ میں ناسا کے عہدیدار کا کردار نبھایا تھا۔
مزید پڑھیں: چارماہ بعد خلانورد زمین پر لوٹ آئے
رپورٹ کے مطابق سوادیس کی ریکارڈنگ ناسا کے ٹریننگ سینٹر کے پہلو میں کی گئی، تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان نے ناسا میں تربیت حاصل کی یا نہیں۔