دنیا

روس:عدالت میں فائرنگ سے 3 مدعاعلیہان قتل

ملزمان نے گارڈز کو یرغمال بنایا تھا تاہم عدالت کی سیکیورٹی نے معاملات سنبھال لیے، ترجمان عدالت نتالیا

روس کے دارالحکومت ماسکو کی ایک عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے واقعے میں وسطی ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے قتل کے تین ملزمان ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق قتل کے متعدد مقدمات میں گرفتار پانچ ملزمان نے گارڈز سے اسلحہ چھینا جس کے بعد دیگر گارڈز سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

عدالت کے احاطےمیں فائرنگ کے نتیجے میں تین ہلاک ہوگئے اور دیگر دو زخمی ہوگئے جنھیں قابو کرلیا گیا۔

روس کی انوسٹی گیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ماسکو کی علاقائی عدالت میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قتل کے مقدمات میں گرفتار پانچ ہتھکڑی لگے ملزمان کو ایک مرد اور ایک خاتون پر مشتمل گارڈ کے ساتھ عدالت لے جایا جارہا تھا۔

مدعاعلیہان نے لفٹ کے قریب پہنچتے ہی گارڈز پر حملہ کیا اور ان سےاسلحہ چھین لیا لیکن ان میں سے ایک گارڈ نے الارم بجا دی جس کے بعد عدالت کی سیکیورٹی نے کارروائی کی۔

بعدازاں عدالت کی ترجمان نتالیا اوسیپووا کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے گارڈز کو یرغمال بنا لیا تھا لیکن عدالت کی سیکیورٹی نے معاملات سنبھال لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب واقعہ پیش آیا تو اسی طرح کے جرم میں گرفتار چار ملزمان کو دوسرے کمرے میں سزا سنائی جارہی تھی۔

روسی کمیٹی کے مطابق واقعے میں ایک گارڈ اور لفٹ آپریٹر زخمی ہوا جنھیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

وسطی ایشیائی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تمام ملزمان پر 2012-2014 میں ماسکو کے قریب 17 موٹرسائیکل سواروں کو سیریز میں قتل کرنے کا الزام تھا۔