کھیل

وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ چھوڑ گئے

سابق کپتان نے پی ایس ایل کے ابتدائی 2 ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کےساتھ بطور مینٹور اپنی ذمہ داریا نبھائیں۔

عظیم فاسٹ باؤلر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم نے پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھوڑ کر پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان کے ساتھ معاہدہ کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا۔

وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور مینٹور اپنی خدمات دے رہے تھے، اب ان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے موجودہ کپتان مصباح الحق کپتانی کے ساتھ ساتھ مینٹور کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

مزید پڑھیں: 'جب ہم تیز، غضب ناک اور بے خوف ہوتے تھے'

علاوہ ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ سابق ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان کی بطور مینٹور خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کی مینٹورنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کو اپنے نام کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پی ایس ایل کے 20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 11 میچز میں وہ کامیاب رہی جبکہ 9 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔