پاکستان کا آذربائیجان سے سپرمشاق طیاروں کی فروخت کا معاہدہ
پاکستان اور آذربائیجان نے ائیر فورس کے مابین دس سپر مشّاق طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کردیے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے رواں سال ایک اور سنگ میل عبور کیا اور اس کے تیار کردہ سپر مشاق طیارہ اب آذربائیجان کے ائرفورس کو فروخت کیے جائیں گے۔
مشاق طیاروں کی فروخت کا معاہدہ آزربائیجان میں طے پایا جہاں پاکستان کی نمائندگی چیئر مین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیس کامرہ ائیر مارشل ارشد ملک نے کی جبکہ آذر بائیجان کی جانب سے ائیر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رمیز طائر اوف نے نمائندگی کی۔
اس معاہدے کے تحت پاک فضائیہ کی جانب سے آذر بائیجان کے ہوابازوں اور تکنیکی عملے کو تربیت بھی دی جائے گی اور اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ترکی، پاکستان سے سپر مشاق طیارے خریدے گا
واضح رہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار ہونے والے سپر مشّاق طیارے کو جدید آلات اور صلاحیتوں سے لیس ہونے کی بدولت دنیا کے بہترین ملٹری تربیتی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیس کامرہ میں تیار کئے جانے والے تقریباً تین سو طیارے پاک فضائیہ اور پاک آرمی کے پائلٹوں کی بنیادی تربیت اور دیگر دفاعی مقاصد کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔
پاکستان نے اس سے قبل ترکی، نائیجریا اور قطر کو یہ طیارے برآمد کرنے کے معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔
پاکستان میں تیار ہونے والے یہ مشاق طیارے اس وقت بہت سے ممالک بشمول سعودی عرب، عمان، ایران اورجنوبی افریقہ جیسے ممالک کے زیر استعمال ہیں۔