2 آسان طریقے جو 7 سال زندگی بڑھائیں
ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بہتر اور صحت مند زندگی گزارے، اس لیے وہ صحت پانے کے لیے تمام تر اقدامات کرتا ہے۔
تاہم دنیا میں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جو اپنی صحت سے متعلق کئی اقدامات کرنے کے باوجود نہایت ہی چھوٹی چھوٹی ایسی غلطیاں کرتے ہیں، جن کہ وجہ سے وہ بیمار پڑ جاتے ہیں۔
ماہرین اور صحت سے متعلق کام کرنے والے کئی عالمی ادارے متعدد بار یہ کہ چکے ہیں کہ تمباکو نوشی و شراب نوشی نہ صرف صحت مند زندگی کے لیے خطرہ ہیں، بلکہ یہ جلد موت کا سبب بھی بنتے ہیں۔
لیکن اب ایک حالیہ تحقیق میں بھی اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ سگریٹ اور شراب نوشی صحت کے لیے مفید نہیں ہیں۔
امریکا کی مشی گن یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ 2 سادہ اور عام اصولوں پر عمل کرکے لوگ نہ صرف صحت مند بلکہ عام انسانوں سے کم سے کم 7 سال طویل زندگی بھی گزار سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی لوگوں کی عمر میں اضافے کا باعث؟
سائنس جرنل ’ہیلتھ افیئرز‘ میں شائع تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق زندگی بھر ’شراب نوشی‘ اور ’سگریٹ نوشی‘ نہ کرنے والے افراد عام انسانوں کے مقابلے 7 سال زیادہ زندگی جیتے ہیں، جب کہ انہیں کوئی بیماری بھی نہیں ہوتی۔
رپورٹ کے مطابق مشی گن یونیورسٹی کے ماہرین نے 50 سے 80 سال عمر کے 14 ہزار امریکی افراد کے صحت سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ لیا۔