'عوام الزامات سے بے پروا' صلاح الدین احمد
اگلا وزیراعظم کون بنے گا؟
مجھے اس بارے میں اندازہ نہیں لیکن اگر میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو خواجہ آصف یا شاہد خاقان عباسی کو موقع مل سکتا ہے۔
کیا مسلم لیگ (ن) کو نواز شریف کے گھرانے سے باہر ایک اور سربراہ مل سکتا ہے؟
ایک اور وزیراعظم شاید مل سکتا ہے لیکن ضروری نہیں ایک اور سربراہ مل پائے۔
ایسی صورتحال میں کہ جب انتخابات آنے والے ہیں، ن لیگ سے ایک اور سربراہ سامنے نہ آنے کا کیا مطلب ہے؟
اس کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا کیونکہ تقریباً تمام سیاسی جماعتیں ایک خاندان کے گرد منظم ہیں، وراثتی بنیاد پر۔
کیا ن لیگ کے پاس آئندہ انتخابات جیتنے کا موقع ہے؟
میرا نہیں خیال کہ یہ فیصلہ ن لیگ کے انتخابی مواقع کی موت ثابت ہوگا، ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا، ابھی ممکنہ طور پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جاسکتی ہے، شاید آئینی ترامیم بھی، بہت کچھ ہوسکتا ہے۔
یعنی نواز شریف کو دوبارہ واپسی یا ممکنہ طور پر اس سب سے چھٹکارہ مل سکتا ہے؟ یا ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا؟
میرا نہیں خیال ایسا ہوا ہے، نواز شریف پر پہلے بھی عدالتوں کی جانب سے فردِ جرم عائد کی جاچکی ہے، پیپلز پارٹی رہنما بینظیر بھٹو اورآصف علی زرداری بھی اس کا سامنا کرچکے ہیں، پاکستان میں فردِ جرم اور نااہلیاں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتیں۔
آپ کو نہیں لگتا کہ یہ فیصلہ ماضی کے فیصلوں سے مختلف ہے؟
دیکھیں کئی چیزیں کی جاسکتی ہیں، بالفرض کل چند مزید سیاستدانوں کو اسی وجہ سے نااہل قرار دیا جاتا ہے، اگر سپریم کورٹ یکساں طور پر اس قانون کا اطلاق چاہتی ہے تو مجھے سمجھ نہیں آتا ایسا کیسے ہوگا۔ عمران خان بھی کیسے بچ پائیں گے۔
اگر کئی نااہلیاں ہوتی ہیں تو بالآخر پارلیمنٹ کو آرٹیکل 63-62 کو ختم کرنا پڑے گا اور یوں واپسی کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔
آپ کے خیال سے اس فیصلے کے بعد عمران خان کو بہتر موقع ملے گا؟
میں نہیں جانتا انتخابات کے حوالے سے یہ فیصلہ کتنا اہم ثابت ہوگا۔
لیکن ایسا کیوں؟
کیونکہ تاریخ میں ایسا ہوتا آیا ہے کہ ووٹ دینے والے لوگ الزامات کی زیادہ پروا نہیں کرتے، صرف اس لیے کہ عمران خان وزیراعظم کو برطرف کرنے میں کامیاب رہے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ انتخابات میں عوام انہیں زیادہ موقع دیں گے۔
انہیں فائدہ حاصل ہوسکتا ہے، کئی ایسے لوگ ہوں گے جو ن لیگ سے پی ٹی آئی کا حصہ بننے کے خواہش مند ہوں گے جس سے ان کو بہتر موقع حاصل ہوسکے گا لیکن میں نہیں جانتا کہ ووٹ دینے والے لوگ اس فیصلے سے کس قدر متاثر ہوں گے۔
کیا ن لیگ کی ایک اور حکومت قائم ہونا ممکن ہے؟
میرے خیال سے ایسا ہوسکتا ہے، اگر وہ فوری طور پر انتخابات کا فیصلہ کرتے ہیں لیکن میرا نہیں خیال کہ وہ ایسا قدم اٹھائیں گے۔
صلاح الدین کراچی سے تعلق رکھنے والے وکیل ہیں۔