پاکستان

ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعویٰ

ملزمان کےنام رحیم اور محمد دانش ہیں، جنہوں نے 17 جولائی کو اورنگی ٹاؤن میں 2 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا،کرنل قیصر

کراچی: سندھ رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تعلق رکھنے والے 2 ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

رینجرز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کرنل قیصر خٹک نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے نام رحیم اور محمد دانش ہیں، جنہوں نے رواں ماہ 17 جولائی کو اورنگی ٹاؤن میں 2 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے 2 کارکنوں کو قتل کردیا گیا تھا، جسے پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا۔

پریس کانفرنس کے دوران کرنل قیصر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور انہوں نے اپنے کچھ ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ افریقہ سے ایک عبداللہ نامی شخص نے واٹس ایپ پر ملزمان سے رابطہ کیا اور وقتاً فوفتاً پیغامات دیے، جو ان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز میں موجود ہیں ۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم لندن کے رہنما رینجرز کی حراست میں

کرنل قیصر نے بتایا کہ عبداللہ نے 19 جولائی کی شام 5 بجے ملزمان کو پیغام بھیجا، جس میں کہا گیا کہ آپ الطاف حسین کی شاباشی خود سن لیں، بعدازاں عبداللہ نے ملزمان کو بانی ایم کیو ایم کا آڈیو کلپ واٹس ایپ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران چلایا گیا الطاف حسین کے آڈیو پیغام کا متن—۔ڈان نیوز

پریس کانفرنس کے دوران بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا مذکورہ آڈیو پیغام بھی سنوایا گیا، جس میں وہ عبداللہ (قمر ٹیڈی کے نائب) کو مبارکباد دیتے ہوئے کہتے ہیں، 'میری طرف سے تم کو، پوری کمیٹی کو، مینیجنگ کمیٹی کے ایک ایک فرد کو اور تم کو ہزاروں، لاکھوں شاباشیں! اتنا خوبصورت یہ پروگرام کیا اور بڑے اچھے لوگ آئے، بہت کامیاب رہا، باقی کامیابیاں بھی انشاء اللہ بیدار ہورہی ہیں، پتہ لگ رہا ہے کہ کافی لوگ مر جائیں گے'۔

کرنل قیصر نے بتایا کہ کارروائی کے بعد ملزم دانش کے بینک اکاؤنٹ میں حبیب میٹرو بینک کے ذریعے 50 ہزار روپے کی رقم بطور انعام ٹرانسفر ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ایم کیو ایم لندن کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا جبکہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے افواج پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور کراچی میں خفیہ طور پر الطاف حسین کے حق میں وال چاکنگ میں بھی ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کی گرفتاری کا خیر مقدم‘

کرنل قیصر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر کراچی بند ہوجایا کرتا تھا، کراچی کی بہادر عوام اور بیرون ملک محب وطن پاکستانیوں نے یہ سب کچھ مسترد کردیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان رینجرز سندھ ایسے تمام عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کراچی کے خلاف کسی بھی سازش سے سختی کےساتھ نمٹا جائے گا۔