چارسدہ میں فائرنگ، امام مسجد جاں بحق
پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک امام مسجد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
خواجہ واس پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) غفیر اللہ کے مطابق شیخ الحدیث مولانا حق نواز کو نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد گھر واپس جارہے تھے۔
حملہ آوروں کی فائرنگ سے مولانا حق نواز موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ مولانا حق نواز جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ تھے اور علاقے میں ان کی شہرت اچھی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ قتل کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی (ف) رہنما قتل
گذشتہ برس مئی میں بھی صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما حاجی عالم شاہ کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل 2015 میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جے یو آئی (ف) کے ایک رہنما حاجی نذیر کو زخمی کردیا تھا۔