کھیل

بھارت جیتی بازی ہار گیا، انگلینڈ ویمنز کرکٹ کا نیا عالمی چیمپیئن

آنیا شرب سول کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت سے جیتی ہوئی بازی چھین لی۔

آنیا شرب سول کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت سے جیتی ہوئی بازی چھینتے ہوئے نو رنز سے شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

لارڈز میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جھولن گوسوامی کی متاثر کن کارکردگی کے سبب انگلش ٹیم درمیانی اوورز میں بڑی وکٹیں گنوا بیٹھی اور بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی۔

نٹالی سیور 51 اور اسٹیفنی ٹیلر 45 رنز بنا کر سب سے کامایب بلے باز رہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لورین ون فیلڈ 24، ٹیمی بیومونٹ 23، کیتھرین برنٹ 34، جینی گن 25 اور لورا مارش 14 رنز بنا سکیں۔

انگلینڈ نے مقررہ 50اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 228 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

بھارت کی جانب سے گوسوامی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدا میں سمرتھی مندانا کی خدمات سے محروم ہو گئی جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔

اس کے بعد متھالی راج اور پونم روت نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو 43 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں بھارتی کپتان متھالی راج پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئیں۔

اس کے بعد وکٹ پر گزشتہ میچ کی ہیرو ہرمن پریت کور آئیں اور انہوں نے پونم کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 95 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، وہ 51 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹیں۔

پونم روت دوسرے اینڈ سے ڈٹی رہیں اور ویدا کرشنامرتھی کے ساتھ اسکور کو 191 رنز تک پہنچا کر بھارت کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

جب پونم 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو بھارت کو 43 گیندوں پر 39 رنز درکار تھے اور میچ میں بھارت کی فتح صاف نظر ااتی تھی لیکن دوسرے اینڈ سے شرب سول کے ارادے ہی کچھ اور تھے۔

انگلش باؤلر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بیٹنگ لائن درہم برہم کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 219 رنز پر ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو عالمی چیمپیئن بنا دیا۔

بھارت کی آخری چھ وکٹیں 28 رنز کے اضافے سے گریں جس کی ذمے دار شرب سول تھیں جنہوں نے 46 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

ٹورنامنٹ میں 400 سے زائد رنز بنانے والی انگلش کھلاڑی ٹیمی بیومونٹ کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔