پاکستان

’میرا اور وزیراعظم کا کیس ایک جیسا نہیں‘

میں نے کبھی بھی ٹیکس چوری نہیں کی اور نہ ہی منی لانڈرنگ کی ہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ ان کا اور وزیراعظم نواز شریف کا کیس ایک جیسا نہیں ہے جیسا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کو اپنی آمدنی کے تمام ذرائع اور متعلقہ دستاویزات فراہم کر دی ہیں۔

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی ٹیکس چوری نہیں کی اور نہ ہی منی لانڈرنگ کی۔

ایک میڈیا ادارے کی خبر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخبار میں ان کے حوالے سے جھوٹی خبر شائع کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا پیسہ پاکستان سے باہر کمایا اور وہیں ٹیکس ادا کیا جبکہ بیرون ملک آمدنی سے ہی انہوں نے بنی گالہ کا گھر خریدا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے قائدین چور ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں سب ہی چور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام ان پر بھروسہ کرتے ہیں اور انہیں پیسہ دیتے ہیں جس کی مدد سے پاکستان میں 2 شوکت خانم ہسپتال قائم کر لیے گئے جبکہ ایک زیر تعمیر ہے۔

عمران خان نے اپنے کرکٹ کرئیر میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کاؤنٹی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا انہوں نے 1977 میں انگش کاؤنٹی سسکس اور 1984 میں آسٹریلوی کاؤنٹی نیو ساؤتھ ویلز کے ساتھ معاہدے کیے اور یہ تمام تفصیلات انہوں نے سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی لندن میں ان کی ٹیکس تفصیلات کے بارے میں جاننا چاہتا ہے تو انگلینڈ چلا جائے جہاں انہیں انگلینڈ کے محکمہ ان لینڈ ریونیو سے ان کی ٹیکس اور آمدن کی تفصیلات حاصل ہو جائیں گی۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے واضح کیا کہ ان کا ایک روپیہ بھی پاکستان سے باہر نہیں جبکہ شریف خاندان کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔

خواجہ محمد آصف کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی حمایت میں نکلنے والے تمام افراد خود بھی مجرم ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ خواجہ آصف اپنی چوری بچانے کے لیے شوکت خانم جیسے خیراتی ہسپتال پر الزام لگا رہے ہیں۔

عمران خان نے ایک میڈیا ادارے کے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ' آپ کی بھی باری آئے گی، ہم آپ کے بارے میں پتہ لگائیں گے کہ آپ کے ایمریٹس ہل میں اربوں روپے کے 2 گھر کہاں سے آئے اور لندن میں رولس رائس اور گھر کے لیے کونسی منی ٹریل ہوئی؟'

سپریم کورٹ میں زیر سماعت پاناما پیپرز کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو جلد اندھیرے سے نجات ملے گی اور جس دن نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے گا اس دن نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔