کولیشن سپورٹ فنڈ:امریکا نے پاکستان کو5 کروڑ ڈالرکی ادائیگی روک دی
واشنگٹن: پینٹاگون کے سربراہ جِم میٹِس کی جانب سے پاکستان پر طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے الزام کے بعد امریکی وزارت دفاع نے پاک فوج کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان ایڈَم اسٹمپ کا کہنا تھا کہ ’سیکریٹری دفاع جم میٹس نے کانگریس کی دفاعی کمیٹیوں کو بتایا کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ پاکستان نے، مالی سال 2016 کے لیے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں اس ادائیگی کے لیے حقانی نیٹ ورک کے خلاف خاطر خواہ اقدامات اٹھائے۔‘
امریکا نے خصوصی فنڈ کے ذریعے پاکستان کی فوجی امداد کے لیے 90 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے امریکی فوجی امداد ’قرض‘ میں تبدیل ہونے کا خدشہ
پاکستان پہلے ہی اس فنڈ میں سے 55 کروڑ ڈالر حاصل کر چکا ہے، لیکن جم میٹس کے اس فیصلے کے بعد پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر کی ادائیگی روک دی گئی ہے، جبکہ کانگریس پہلے ہی فوجی امداد میں 30 کروڑ ڈالر کی کمی کرچکی ہے۔
ایڈَم اسٹمپ نے کہا کہ ’اس فیصلے سے گزشتہ کئی سالوں میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ مالی سال 2017 میں سیکریٹری دفاع کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کے لیے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرے۔‘
مزید پڑھیں: امریکا کی پاکستان کیلئے خطیر امداد،آدھی اجازت سے مشروط
سراج الدین حقانی کی قیادت میں، جو طالبان کے نائب امیر بھی ہیں، حقانی گروپ نے کابل میں کئی حملے کیے اور افغانستان کی جانب سے مئی میں دارالحکومت میں ہونے والے ٹرک بم دھماکے کا الزام بھی اسی گروپ پر لگایا گیا تھا، جس میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔