پاکستان

کراچی: پولیس وین پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

پولیس وین کو کورنگی میں دارالعلوم کے قریب نشانہ بنایا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) لانڈھی عارف اسلم نے حملے میں عوامی کالونی کی پولیس موبائل پر فائرنگ کی تصدیق کی۔

— فوٹو: ڈان نیوز

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) قمر دین، کانسٹیبل بابر علی اور امجد کے ناموں سے ہوئی، جبکہ لڑکے کی شناخت نہیں ہوسکی۔

فائرنگ کے واقعے میں قریب سے گزرنے والا 15 سالہ لڑکا عابد زخمی بھی ہوا۔

جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈان کو واقعے میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد کو گولیوں کے کئی زخم آئے، جبکہ زخمی لڑکے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو چہرے، ماتھے اور سینے پر گولیاں ماری گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر شیراز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو 7 سے 10 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں۔