کتوں کو کام پر ساتھ لے جانا صحت کے لیے مفید
ہر انسان چاہتا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی اچھی طرح نبھائے اور اس کی صحت بھی بہتر رہے۔
صحت بہتر بنانے کے لیے لوگ ایکسر سائیز سے لے کر اپنی غذا تک مخصوص اور محدود کردیتے ہیں، تاہم پھر بھی کچھ افراد کی صحت اتنی بہتر نہیں ہوتی، جتنی وہ چاہتے ہیں۔
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ صحت مند ماحول اور دباؤ میں آئے بغیر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانا صحت کے لیے مفید ہے،اور ایسے ہی فائدے کے لیے ایک دلچسپ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اگر لوگ اپنے کام پر پالتو کتوں کو ساتھ لے جائیں تو ان کی صحت بہتر ہوسکتی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ادارے اور کمپنیاں لوگوں کو اپنے ساتھ پالتو کتے لے آنے کی اجازت دیں گی؟
یہ بھی پڑھیں: بیٹھنے کے دوران ٹانگ پر ٹانگ چڑھانا فائدہ مند؟
پاکستان کے علاوہ کئی ممالک ایسے ہیں، جہاں کی کمپنیاں اور بڑے بڑے ادارے ’جانور دوست‘ ہیں، وہ اپنے ملازمین کو پالتو جانور ساتھ لے آنے کی اجازت دیتے ہیں۔
برطانیہ کے وزارت صحت نیشنل ہیلتھ سروس (این ایس ایس) نے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ کام پر جاتے وقت اپنے کتے ساتھ لے جائیں، کیوں کہ ایسا کرنے سے ان کی صحت بہتر ہوگی۔
این ایس ایچ نے وضاحت کی کہ جو لوگ اپنے ساتھ کتوں کو لے جائیں گے، انہیں کتوں کو ٹہلانے کے بہانے آفیس سے باہر جانے، انہیں کھانا کھلانے اور ٹہلانے کا موقع ملے گا، جس سے ان کی صحت بھی اچھی ہوگی۔
این ایس ایچ کے مطابق زیادہ تر دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین 7 سے 8 گھنٹے تک مسلسل بیٹھ کر کام کرتے ہیں، جس وجہ سے ان میں موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر جیسے امراض پیدا ہوجاتے ہیں، اس رپورٹ میں این ایس ایس نے مسلسل بیٹھے رہنے سے ہونے والی بیماریوں اور اموات کے اعداد و شمار بھی پیش کیے۔
مزید پڑھیں: دفتر، خواتین، اہمیت و صحت
این ایچ ایس کے مطابق کام پر کتوں کو ساتھ لے جانے سے ملازمین چہل قدمی کریں گے، جس وجہ سے ان کی صحت بہتر ہوگی۔
انٹرنیشنل جرنل آف ورک پلیس ہیلتھ میجنمنٹ میں شائع ایک مضمون کے مطابق جو ملازمین اپنے کتوں کو کام پر ساتھ لے جاتے ہیں، وہ دباؤ، تشویش اور پریشانی کا شکار نہیں ہوتے۔
ادارے کی جانب سے امریکا کی مختلف ریاستوں میں اس حوالے سے تحقیق کی گئی۔
اسی رپورٹ میں ورجنییا کامن ویلتھ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے بتایا گیا کہ کتوں کو اپنے ساتھ لے جانے سے ملازمین پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اچھے طریقے سے نبھاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کتوں کو کام پر ساتھ لے جانے سے ملازمین میں اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مثبت تبدیلیوں کے رونما ہونے سمیت ان کا اعتماد بڑھتا ہے۔