لائف اسٹائل

'الہ دین' کی فائنل کاسٹ سے مداح مایوس

کامیاب کارٹون فلم کے ریمیک میں مینا مسعود 'الہ دین'، ناومی سکاٹ 'جاسمین' اور ول سمتھ 'جنی' کے کردار کرتے نظر آئیں گے۔

امریکی کمپنی ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم ’الہ دین‘ کا ریمیک بننے کے اعلان کے بعد سے ہی ہر کوئی جاننا چاہتا تھا کہ اس فلم کی کاسٹ میں کون شامل ہوگا اور آخر کار ڈزنی نے فلم کی فائنل کاسٹ کا اعلان بھی کردیا۔

اس فلم کی کاسٹ کے اعلان کے بعد مداحوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا، جس کی ایک وجہ یہ تھی کہ فلم ساز الہ دین کے لیے جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے اداکار کاسٹ کرنا چاہتے تھے تاہم فائنل کاسٹ کچھ اور ہی نکلی۔

مزید پڑھیں: وہ 9 اداکار جو ’الہ دین‘ بن سکتے ہیں

فلم میں الہ دین کا مرکزی کردار کینیڈین اداکار مینا مسعود ادا کریں گے، برطانوی اداکارہ ناومی سکاٹ فلم میں 'جاسمین' بنیں گی، جبکہ ول سمتھ فلم میں 'جنی' کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

مداحوں نے فلم کی کاسٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہینوں سے جاری 2000 آڈیشنز کے بعد فلم کے ہدایت کار گائے ریچی نے ایسے اداکاروں کو کاسٹ کیا جن کا جنوبی ایشیا سے کوئی تعلق نہیں۔

مداحوں نے یہ بھی کہا کہ فلم میں موجود 'جاسمین' کے لیے گورے رنگ کی اداکارہ کو کاسٹ کرنا صحیح نہیں۔

فلم میں موجود بقیہ کرداروں کے لیے اب تک کسی کو کاسٹ نہیں کیا گیا، تاہم امید ہے کہ 'جعفر' اور 'سلطان' جیسے کرداروں کے لیے اداکاروں کی کاسٹنگ پر مداحوں کو مایوسی کا سامنا نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ایما واٹسن نے 'سنڈریلا' بننے سے انکار کیوں کیا؟

فلم 'سنڈریلا' 2015 میں اور فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' 2017 میں ریلیز ہوئی

1992 کی کامیاب کارٹون فلم 'الہ دین' کے لائیو ریمیک کی شوٹنگ اگلے ماہ لندن میں شروع کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈزنی کمپنی اپنی کامیاب کارٹون فلم 'سنڈریلا' اور 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کے لائیو ریمیکس بنا چکی ہے۔

کارٹون فلم 'سنڈریلا' کا ریمیک 2015 میں جبکہ 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کا ریمیک رواں سال ریلیز ہوا تھا۔