پاکستان

'عمران خان دیگرجماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں'

پی ٹی آئی کے سربراہ سب سے پہلے پاکستان کے اصول کو مدنظر رکھ کر دیگر جماعتوں کو ملائے، پرویز مشرف

سابق صدرجنرل(ر) پرویز مشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ہم سفر بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سب سے پہلے پاکستان کے اصول کو مدِ نظر رکھتے ہوئے باقی جماعتوں کو بھی اپنے ساتھ ملائیں۔

دبئی میں آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے ورکرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹٰیم (جے آئی ٹی) کے اراکین نے نہایت ایمان داری اورمحنت سے کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران کو چاہیے کہ دیگر جماعتوں کو ساتھ ملائےاور سب سے پہلے پاکستان کے اصول کو مدِ نظر رکھے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ اکثر سوچا کرتا تھا کہ جھوٹے لوگ پاکستان پر کیوں مسلط ہیں اور قوم معاشی اوراخلاقی تباہی کی طرف بڑھتی جا رہی ہے۔

جے آئی ٹی کی تفتیش پرامید رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جےائی ٹی کی طرح عدالت بھی انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔

اس دوران انھوں نے پاکستان میں مزید صوبے بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

اے پی ایم ایل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف دیانت دار اورایمان دارقیادت کی ضرورت ہے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے ساتھ ساتھ تمام جماعتوں کے کرپٹ لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کو کچھ نہیں دیا بلکہ ملک کے پیسوں سے بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئی ہیں۔