پاکستان

این اے 260 ضمنی الیکشن:پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری

پاکستان کے سب سے بڑے حلقے میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
|

کوئٹہ: پاکستان کے سب سے بڑے حلقے این اے 260 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے کوئٹہ، نوشکی اور چاغی پر مشتمل اس حلقے میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہ۔

واضح رہے کہ یہ نشست پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے عبدالرحیم مندو خیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 260 کے ضمنی الیکشن میں 17 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: 12 اضلاع میں ضمنی انتخابات کا انعقاد

حلقے میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 202 ہے، پورے حلقے میں 407 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر نعیم مجید جعفر کے مطابق 320 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 50 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔