لائف اسٹائل

مصوری کرنے والا انوکھا کیڑا

بیٹل کی مالکن 'اسپائک دا بیٹل' کے نام سے ٹوئٹر اکاؤنٹ اور ویب سائٹ بھی بنا چکی ہیں جہاں وہ اس کی تصاویر شیئر کرتی ہیں۔

کیڑے مکوڑوں کا سوچ کر زیادہ تر لوگوں کو خوف اور کچھ کو کراہیت محسوس ہوتی ہے لیکن جاپانی افراد میں بھونرے یعنی بیٹل (Beetle) کو پالنے کا رجحان زور پکڑتا جا رہا ہے۔

سیاہ رنگ اور بڑے جبڑوں والے اس کیڑے کے حوالے سے جاپانی افراد کا ماننا ہے کہ انہیں پالنا نہایت آسان اور سستا ہے، اسی لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد انہیں اپنے ساتھ رکھتی ہے اور ان کی منفرد حرکات و سکنات سے محظوظ ہوتی ہے۔

لیکن جاپان کی ایک لڑکی برائنٹ کا بھونرا (بیٹل) اپنے جیسے باقی بیٹلز سے کچھ مختلف ہے، وہ اس لیے کیونکہ 'اسپائک' نامی یہ بھونرا مصوری کرنا بھی جانتا ہے۔

برائنٹ کے مطابق انہیں اسپائک کی اس صلاحیت کا اچانک ہی علم ہوا جب ایک روز انہوں نے اس کے بڑے بڑے جبڑوں میں رنگین مارکر تھمایا تو بیٹل نے کاغذ پر نقش ونگار بنانا شروع کردیے۔

بیٹل کی اس صلاحیت کا پتہ لگنے کی دیر تھی کہ اس کی مالکن برائنٹ نے اس کی بہت سی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں،جنھیں دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین حیران بھی ہوئے اور داد دیے بغیر بھی نہ رہ سکے۔

یہی وجہ ہے کہ اب بیٹل کی مالکن 'اسپائک دا بیٹل' کے نام سے ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بنا چکی ہیں جہاں وہ اس کی تصاویر شیئر کرتی ہیں۔

برائنٹ کے مطابق ان کے پالتو بیٹل کی پسندیدہ غذا کیلا ہے۔

خیال رہے کہ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے اس نسل کے بھونرے عموماً گلے سڑے پھل اور سبزیوں پر گزارا کرتے ہیں جبکہ ان کا بیشتر وقت مٹی کو کھودتے ہوئے گزرتا ہے۔

اس شوق کو پورا کرنے کے لیے بیٹل کی مالکن نے اپنے گھر میں خصوصی انتظام کر رکھا ہے۔

بیٹل کو مصوری کرتے آپ خود بھی یہاں دیکھ سکتے ہیں۔

اپنے پالتو جانور کی اس غیر معمولی صلاحیت سے سب کو آگاہ کرنے کے لیے برائنٹ اسپائک کے نام پر ویب سائٹ بھی تیار کرچکی ہیں جہاں اس کے آرٹ ورک خریدے جاسکتے ہیں۔

برائنٹ کے مطابق وہ اس بیٹل کی پینٹنگز کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے اس نسل کے بھونروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی مدد کرتی ہیں۔