فون بوتھ لائبریری: سوئیڈن میں کتب بینی کا شوق تو دیکھیے
سوئیڈن کا قدیم دارالحکومت سگتونا ایک بہت خوبصورت قصبہ ہے اور موجودہ دارالحکومت اسٹاک ہوم سے شمال کی جانب پچاس کلومیٹر دور واقع ہے۔ سوئیڈن کا سب بڑا ہوائی اڈہ بھی سگتونا کی بلدیاتی حدود میں شامل ہے۔
سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہر سال اس قصبے کا رخ کرتی ہے۔ مقامی حکومت نے یہاں کے تاریخی ورثے کو محفوظ کر رکھا ہے اور یہاں ایک چھوٹا سا میوزیم بھی ہے جو اس قصبے کی سیر کرنے والوں کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔
یہاں اور بھی کئی قابل دید جگہیں ہیں جن میں قدیم بازار بھی ایک ہے جو آج بھی ماضی کی تاریخ کا شاہد ہے، لیکن جس بات نے اس بلاگ کو لکھنے پر مجبور کیا وہ یہاں کا پرانا ٹیلی فون بوتھ ہے۔ ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کے شعبے میں تیز رفتار ترقی نے اب ٹیلی فون بوتھ کی اہمیت ماند کردی ہے۔
1980 میں سوئیڈن میں 44 ہزار ٹیلی فون بوتھ تھے جو اب معدوم ہو چکے ہیں۔ اب کوئی بھی ٹیلی فون بوتھ استعمال نہیں کرتا، ہاں اکا دکا ٹیلی فون بوتھ شاید کسی ہوائی اڈے یا بڑے ریلوے اسٹیشن پر موجود ہوں۔
یہی وجہ ہے کہ زیر استعمال نہ ہونے کی وجہ سے اب انہیں تمام جگہوں سے ہٹا دیا گیا ہے لیکن سگتونا کی مقامی حکومت نے اسے ہٹانے کے بجائے ایک چھوٹی سی لائبریری میں بدل دیا ہے اور اندر رکھے شیلف میں عام دلچسپی کے موضوعات کی چند کتابیں رکھ دی ہیں۔
غالباً یہ دنیا کی سب سے چھوٹی لائبریری ہے جو چوبیس گھنٹے کھلی رہتی ہے اور جہاں کوئی لائبریرین یا عملہ نہیں۔ لوگ خود آتے ہیں، بغیر کسی اندارج کے اپنی مرضی کی کتاب لے جاتے ہیں اور پڑھنے کے بعد خود ہی واپس رکھ جاتے ہیں۔
یہ لائبریری سگتونا کے بازار کے مرکزی مقام پر واقع ہے اور ساتھ ایک چھوٹا سا پارک بھی ہے جہاں کئی لوگ بیٹھ کر مطالعے کی اپنی پیاس بجھاتے ہیں۔