پاکستان

اسلام آباد میں ایک بار پھر دفعہ 144 نافذ

پابندی فوری طور پر 2 ماہ کیلئے لگائی گئی، جلسے جلوس، ریلیوں اور اجتماع کے ساتھ اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مرتبہ پھر دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا، جس کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں اور اجتماع کے ساتھ اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی۔

نوٹفکیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری طور پر اور 2 ماہ کے لیے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا 5 سے زائد افراد ایک جگہ اکٹھے نہیں ہوسکیں گے جبکہ ریڈ زون میں بھی کسی بھی قسم کے سیاسی اجتماع پر مکمل پابندی ہوگی۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب رواں ہفتے 10 جولائی کو پاناما کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی معاملات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی حتمی اور آخری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سیاسی مخالفین کی جانب سے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ شدت اختیار کرچکا ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کا خصوصی بینچ پیر (17 جولائی) کو پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا اور سیاسی پنڈتوں کی نظریں عدالت عظمیٰ کی اس اہم سماعت پر مرکوز ہیں۔