پاکستان

ملازم کی ہلاکت: رکن پنجاب اسمبلی کی بیٹی کی عبوری ضمانت

16 سالہ اختر اپنی بہن کے ساتھ گذشتہ تین سال سے رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں کی صاحبزادی کی رہائش گاہ پر ملازم تھا، پولیس

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تشدد سے 16 سالہ گھریلو ملازم کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں کی صاحبزادی فوزیہ بی بی نے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

ایڈیشنل سیشن جج سعید احمد نے ملزمہ فوزیہ بی بی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی اور 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزمہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

عبوری ضمانت کے اجراء کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست ضمانت پر آئندہ سماعت 20 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ لاہور کے علاقے اکبری گیٹ میں گھر کی مالکن کے مبینہ تشدد سے 16 سالہ گھریلو ملازم اختر ہلاک جبکہ اس کی 11 سالہ بہن عطیہ زخمی ہوگئی۔

مزید پڑھیں: لاہور: مالکن کے تشدد سے 16 سالہ گھریلو ملازم ہلاک

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والا 16 سالہ اختر اپنی بہن کے ساتھ گذشتہ 3 سال سے رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں کی رہائش گاہ پر ملازم تھا۔

چند روز قبل ایم پی اے کی بیٹی فوزیہ نے اختر کو بازار سے کچھ سامان لانے بھیجا لیکن اسے واپس آنے میں تاخیر ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملازم کے تاخیر سے گھر لوٹنے پر فوزیہ بی بی غصے میں آگئی اور انہوں نے دونوں بہن بھائیوں کو ڈنڈے سے مارنا شروع کردیا، مالکن کے تشدد کے نتیجے میں اختر کو شدید چوٹیں آئیں، اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے صرف ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسچارج کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 7 سال میں تشدد سے 30 گھریلو ملازمین بچوں کی اموات

منگل (11 جولائی) کے روز لڑکے کی حالت مزید ابتر ہوگئی اور وہ ایم پی اے کے گھر میں ہی دم توڑ گیا۔

بھائی کی ہلاکت پر بہن عطیہ نے شور مچایا اور اہل محلہ کو اس بدترین تشدد کے واقعے سے آگاہ کیا تاہم اس دوران گھر کی مالکن اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر چھوڑ کر فرار ہوچکی تھی۔

دوسری جانب اکبری گیٹ پولیس نے متاثرہ بچوں کے والد اسلم کی شکایت پر رکن پنجاب اسمبلی کی بیٹی فوزیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔