راولپنڈی: فائرنگ سے مسلم لیگ کے رہنما کی اہلیہ اور بیٹی جاں بحق
راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی یونین کونسل (یوسی) کے چیئرمین مرزا عنایت اللہ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں لیگی چیئرمین شدید زخمی جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق گوجر خان میں نامعلوم مسلح افراد نے مسلم لیگ کے رہنما اور یوسی راماں کے چیئرمین مرزا عنایت اللہ کے گھر میں داخل ہوئے، جس کے بعد انہوں نے گھر میں موجود افراد پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آکر عنایت اللہ شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور یونین کونسل کے چیئرمین کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: امام بارگاہ کے نزدیک خودکش حملہ، بارہ ہلاک
اس کے علاوہ جائے وقوع سے ان کی اہلیہ اور بیٹی کی لاشوں کو بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ نہ تو ڈکیتی کی واردات ہے اور نہ ہی سامنے سے کسی بھی قسم کی مزاحمت کے ثبوت ملے ہیں۔
پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور علاقہ مکینوں سے بھی بیانات لیے جارہے ہیں۔