’موم‘ ریویو: سری دیوی کی ایک اور سبق آموز فلم
بولی وڈ اداکارہ سری دیوی نے 2012 میں فلم ’انگلش ونگلش‘ کے ساتھ زبردست کم بیک کیا تھا اور اس سال وہ فلم ’موم‘ کے ساتھ اپنی دھماکے دار اور دل پر راج کرنے والی اداکاری کے ساتھ سنیما گھروں کی بڑی سکرین پر جادو جگانے آگئی ہیں۔
مگر اس بار سری دیوی اکیلی اس فلم میں کمال نہیں دکھائیں گی، بلکہ پاکستانی اداکارہ سجل علی نے بھی ان کا باخوبی ساتھ دیا جنہوں نے اس فلم کے ساتھ بولی وڈ میں شاندار ڈیبیو کیا۔
فلم میں سری دیوی (دیوکی), نواز الدین صدیقی (دیا شنکر), اکشے کھنہ (متھیو فرنڈس)، عدنان صدیقی (آنند) اور سجل علی (اریہ) نامی کرداروں میں نظر آئیں۔
فلم کی کہانی اور کردار:
ویسے تو فلم ’موم‘ کی کہانی جیسے موضوعات پر کافی فلمیں پہلے بھی بنائی جاچکی ہیں اور اگر دیکھا جائے تو حال ہی میں رہلیز ہوئی بولی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کی فلم ’ماتر‘ کی کہانی اور’موم‘ کی کہانی میں کوئی ایسا خاص فرق نظر نہیں آتا۔ بس فرق ہے تو یہ کہ اس فلم کے ڈاریکٹر روی ادیاور اور اسکرین پلے گریش کوہلی نے فلم کو ایک نئی سمت دے دی ہے اور فلم کو خوبصورت اور جذباتی سین کے ساتھ ایسا پکچرائز کیا کہ آپ تعریف کئے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔