پاکستان

گورنمنٹ کالج ملتان کے3 پروفیسرز ٹریفک حادثے میں جاں بحق

اساتذہ اپنے ڈرائیور کےہمراہ مری کنونشن میں شرکت کے لیےجارہے تھے کہ اسلام آباد موٹر وے پر ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔
|

ملتان: اسلام آباد کے قریب موٹر وے روڈ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان کے 3 پروفیسر جاں بحق جبکہ ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

پروفیسر راؤ ذوالفقار، پروفیسر راؤ ظفر اور پروفیسر رانا دلشاد اپنے ڈرائیور کے ہمراہ مری کنونشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ اسلام آباد موٹر وے پر چکری کے مقام پر ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

مزید پڑھیں:پشاور: اسکول پر دستی بم حملے میں ٹیچر ہلاک

پولیس کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا جس میں تینوں پروفیسرز موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں پروفیسرز کے جسد خاکی کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ان کے پوسٹ مارٹم کے بعد میتوں کو ملتان روانہ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: ٹیچر سمیت چار افراد ہلاک

پولیس نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کو بھی پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے پروفیسر رانا دلشاد جنوبی پنجاب کی پروفیسرز ایسوسی ایشن اور لیکچرار ایسوسی ایشن کے صدر بھی تھے۔