آرمی چیف کا بین الاقوامی فٹبالرز کے اعزاز میں استقبالیہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بین الاقوامی فٹبالرز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بین الاقوامی فٹبالرز رونالڈینیو، رائن گِگز، رابرٹ پیریس، نکولس اینلکا، جارج بوٹینگ، ڈیوڈ جیمز اور لوئس با مورٹے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے بین الاقوامی فٹبالرز کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’کھیلوں سے امن کو فروغ ملتا ہے اور بین الاقوامی فٹبالرز کی پاکستان آمد سے پوری قوم بالخصوص نوجوان بہت خوش ہیں۔‘
پاکستان آنے والے فٹبالرز نے آرمی چیف کی حمایت اور دورے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور ہم اس دورے سے لطف اندوز ہوں گے۔‘
جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پاک آرمی کے اشتراک سے اس دورے کے انعقاد پر ’لیژر لیگ‘ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
رونالڈینیو، دیگر فٹبالرز کی پاکستان آمد
قبل ازیں برازیل کے معروف فٹ بالر رونالڈینیو اور برطانیہ کے رائن گگز سمیت دنیا کے 7 بین الاقوامی فٹ بالرز دو نمائشی میچ کھیلنے پاکستان پہنچے۔